کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے میں دو افراد زخمی

کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ایک حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ حملہ چمن پھاٹک پر واقع ایف سی کے چیک پوسٹ پر کیا گیا۔ ڈی ایس پی سول لائنز مالک درانی نے فون پر بتایا کہ اس علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک دستی بم پھینکا جو کہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دھماکے میں دو راہگیر زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے سول ہسپتال کوئٹی منتقل کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے دونوں افراد سویلین ہیں۔ محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی شناخت اسامہ اور غلام حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔

چمن پھاٹک ایف سی کے میس کے علاوہ گورنر ہائوس کوئٹہ کے قریب واقع ہے۔ چمن پھاٹک پر ایف سی کا یہ چیک پوسٹ ریلویز لائن کے ساتھ ریلوے کراسنگ کے ساتھ واقع ہے۔ اس علاقے میں پہلے کوئی چیک پوسٹ نہیں تھا تاہم سنہ 2006 کے بعد کوئٹہ شہر میں حالات زیادہ خراب ہونے کے بعد چمن پھاٹک سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں ایف سی اور پولیس کے مستقل چیک پوسٹ قائم کی گئیں۔ گذشتہ حکومت میں ایف سی کی متعدد چیک پوسٹوں کو ختم کیا گیا لیکن چمن پھاٹک اور بعض دیگر علاقوں میں یہ ابھی تک قائم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں