کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈیرہ مراد جمالی میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے مزدوروں پر دستی بم سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک مزدور ہلاک اور 3 مزدور زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے مزدوروں پر دستی بم پھینکے گئے، دستی بم پھٹنے سے 3 مزدور زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ زخمی مزدور بجلی گرڈ اسٹیشن روڈ پر کام کر رہے تھے، زخمی ہونے والے مزدوروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کی شناخت کے لیے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم دستی بم پھٹنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے۔