یروشلم (ڈیلی اردو/بی بی سی) اسرائیل کے وزیر دفاع یواو گالنٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیل ’جنگ کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کرنے جا رہا ہے‘ اور ’وسائل اور افواج کی منتقلی کے ذریعے اب جنگ کا رخ شمال کی جانب موڑا جا رہا ہے۔‘
اسرائیل کے وزیر دفاع نے ان خیالات کا اظہار ’شمالی اسرائیل میں فوج کے رمات ڈیوڈ ایئربیس کے دورے کے دوران کیا۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں اس جنگ کے لیے بڑی ہمت، عزم اور استقامت کی ضرورت ہے۔‘
اسرائیلی وزیرِ دفاع کے بیان کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنی جنگ کا رخ لبنان کی جانب موڑ رہا ہے۔
حزب اللہ کے راکٹ اور ڈرون حملوں کی وجہ سے ملک کے شمال میں تقریبا 60،000 اسرائیلی بے گھر ہو چکے ہیں۔
رواں ہفتے کے اوائل میں اسرائیلی حکومت نے ان کی واپسی کو جنگ کا ایک اہم ہدف قرار دیا تھا اور گیلنٹ نے کہا تھا کہ اگر سفارت کاری ناکام ہوتی ہے تو فوجی کارروائی ہی واحد حل ہوگا۔ اُن کے اس بیان سے حزب اللہ کے ساتھ تنازعات میں مزید اضافے کے امکانات نے جنم لیا ہے۔