بنوں میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے انٹیلی جنس بیورو کا افسر ہلاک، بھائی زخمی

واشنگٹن (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے انٹیلی جنس بیورو کے افسر کو ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق آئی بی کا سب انسپکٹر ڈیوٹی سے واپس گھر جا رہا تھا کہ شاہ دیو خاص کے مقام پر موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔

تھانہ کی حدود شاہ دیو خاص میں دو موٹرسائیکل پر سوار 4 مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے انسپکٹر کو سلطان ایاز کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔

سلطان ایاز انٹیلی جنس بیورو آف پاکستان (آئی بی) آفس میں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تھا اور ڈیوٹی ختم کرکے اپنی گاڑی پر گھر جا رہا تھا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سلطان ایاز کا بھائی شہاب بھی زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

فائرنگ واقعہ کے بعد مقامی پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچے، وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھا کرکے جامع تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔جبکہ علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں