لبنان میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں حزب اللہ کے آپریشن کمانڈر ابراہیم عقیل سمیت 12 افراد ہلاک، 66 زخمی

تل ابیب + بیروت (ڈیلی اردو/رائٹرز/بی بی سی) اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کے آپریشن کمانڈر ابراہیم عقیل فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

اسرائیل ڈیفنس فورس کے ترجمان ڈینیئل ہیگری کا کہنا ہے کہ بیروت میں کیے گئے فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر ابراہیم عقیل مارے گئے ہیں۔

ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان یونٹ کے دیگر ارکان بھی اس حملے میں مارے گئے۔

ادھر لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے حملوں میں 12 سے زائد افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق فضائی حملے میں 66 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی آرمی ریڈیو کی ایک رپورٹ میں ایک سکیورٹی ذریعے کا حوالہ دے کر بتایا گیا ہے کہ جمعے کو بیروت میں اسرائیل کے حملے کا ہدف حزب اللہ کے آپریشنز کمانڈر ابراہیم عقیل تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے حزب اللہ کے قریبی ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ گروپ کے کمانڈر ان سیکنڈ ابراہیم عقیل اس حملے میں مارے گئے ہیں تاہم بی بی سی ابھی تک اس خبر کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔

یاد رہے کہ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جمعرات کی شام ملک کے جنوب میں کم از کم 52 حملے کیے تھے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق لبنان نے بھی شمالی اسرائیل میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں