لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک آئی ایس آئی کے نئے سربراہ مقرر

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ایڈجوٹنٹ جنرل کے عہدے پر کام کرنے والے لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو افواجِ پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی فوج یا وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے تاحال اس تعیناتی کے بارے میں اعلامیہ یا بیان سامنے نہیں آیا ہے تاہم عسکری ذرائع نے اس تعیناتی کی تصدیق کی ہے۔

پاکستانی ٹیلی ویژن کے مطابق عاصم ملک 30 ستمبر 2024 کو اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

وہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی جگہ لیں گے جنھیں چھ اکتوبر 2021 کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا تاہم گذشتہ برس ان کی مدتِ ملازمت میں توسیع کر دی گئی تھی۔

عسکری ذرائع کے مطابق بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اس سے پہلے بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کی کمان کرنے کے علاوہ نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی میں چیف انسٹرکٹر اور کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں بھی بطور انسٹرکٹر تعینات رہ چکے ہیں۔

آئی ایس آئی کی بنیادی ذمہ داری ملک کی مسلح افواج کا عملی اور نظریاتی تحفظ یقینی بنانا ہے جس کا اظہار اس ادارے کے نام یعنی انٹر سروسز انٹیلی جنس سے عیاں ہوتا ہے۔ آئی ایس آئی میں سویلین بھی اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں لیکن وہ اس ادارے کے تنظیمی ڈھانچے میں غلبہ یا طاقت نہیں رکھتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں