کراچی (ڈیلی اردو) سندھ کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے کریم آباد کے قریب 7 جولائی کو گولی مار کر قتل کیے جانے والے ڈی ایس پی علی رضا کے قتل میں ملوث ایک ملزم کی تصویر اور دیگر کے خاکے جاری کر دیے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام نے تصدیق کی کہ یہ تصاویر عینی شاہدین کے کے بیانات اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا استعمال کرتے ہوئے تیار کی گئیں ہیں۔
حکام نے عوام سے مشتبہ افراد کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے اور ان کی گرفتاری کا باعث بننے والی معلومات کے لیے انعام کا اعلان کیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مدد فراہم کرنے والوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
ڈی ایس پی کو ڈیوٹی کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے قتل کیا تھا۔ ڈھائی ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود تفتیش کار ابھی تک اس جرم کے ذمہ داروں کو گرفتار نہیں کر سکے۔
سندھ حکومت نے ملزمان کو پکڑنے میں مدد کرنے والے کے لیے انعام کی پیشکش بھی کی ہے۔ سی ٹی ڈی کے ایک اہلکار نے کہا، ”ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی ایسی معلومات کے ساتھ سامنے آئیں جو ان مجرموں کی گرفتاری کا باعث بن سکے۔“