سبی (س ط ع) صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی میں ایڈووکیٹ کے گھر پر ہونے والے دستی بم حملے میں ایک بچہ ہلاک جبکہ دو بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ڈیلی اردو کے مطابق سبی میں بس اڈے کے قریب دھماکا ہوا جس سے دو بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بس اڈے کے قریب ہونے والا دھماکا دستی بم حملہ تھا جو ایڈووکیٹ اعظم لونی کے گھر کے باہر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے میں 2 بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک بچہ شاہ زین زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
اس سے قبل کوئٹہ میں پولیس وین پر دھماکے میں اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ڈی ایس پی سیٹلائٹ ٹاون عابد جدون نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جو 2 سے ڈھائی کلو کے برابر تھا۔
عابد جدون کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے خالق شہید پولیس تھانے کی پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا اور ڈرائیور اور ایک کانسٹیبل زخمی ہوا جبکہ دھماکے کی زد آنیوالے راہگیروں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے جنہیں ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ پولیس، ایف سی اور سی ٹی ڈی نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔