اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے پیپلز پارٹی کا حکومت سے آئی ایم ایف سے معاہدے کی شرائط سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفٰی نواز کھوکھر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پہلے ہی حکومت ناقص معاشی پالیسیوں سے ملکی معیشت کو دیوالیہ کر چکی ہے ، بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات اور اشیاء خور ونوش کی قیمتوں میں اضافے سے غریب پس چکے ہیں، اسٹاک ایکسچینج کریش ہو چکی ہے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کہہ رہے ہیں کہ اسی ماہ آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کے لئے معاہدے پر دستخط کریں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط سے قبل شرائط سامنے لائی جائیں۔
مصطفی نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ پاکستان کوئی کارپوریٹ کمپنی نہیں کہ بورڈ کے فیصلے مسلط کئے جائیں، یہ 22 کروڑ عوام کے مستقبل کے فیصلے ہیں جنہیں خفیہ نہیں رکھا جا سکتا، پارلیمنٹ اور عوام جاننا چاہتے ہیں کہ اس معاہدے کے بعد مہنگائی مزید کتنی بڑھے گی؟، آئی ایم ایف کی شرائط سے بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کتنی بڑھیں گی ؟، آئی ایم ایف کے معاہدے سے ڈالر کتنا مہنگا ہوگا اور روپے کی قدر کتنی کم ہوگی؟، وزیرخزانہ معاہدے کی تفصیلات سامنے لانے سے کیوں گریزاں ہیں؟اپوزیشن کوئی بھی عوام دشمن معاہدہ قبول نہیں کریں گے۔