بلوچستان: پنجاب سے تعلق رکھنے والے سات مزدور پنجگور میں ہلاک، ایک زخمی

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کی گھر میں گھس کر فائرنگ سے 7 مزدور ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پنجگور کے علاقے خدابادان میں پیش آیا جس سے 7 مزدور ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

مزدوروں کا تعلق ملتان کی تحصیل شجاع آباد سے تھا۔

واقعے کے بعد زخمی شخص اور لاشیں ضلعی ہسپتال پنجگور منتقل کردی گئیں۔

وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے پنجگور میں مزدوروں کے بہمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر دھرتی پر بےگناہوں کا لہو گرا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدل اور انسانیت سے بے بہرہ ہیں، وہ کب تک بلوں میں چھپیں گے، چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بلوچستان میں عسکریت پسند گروپ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے ایک ہی دن میں موسیٰ خیل، مستونگ، بولان اور قلات میں مختلف واقعات میں 40 افراد کو قتل کردیا تھا جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

ضلع موسٰی خیل کے علاقے راڑہ شم کے مقام پر ٹرکوں اور مسافر بسوں سے اتارکر شناخت کے بعد 23 افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا تھا۔

ضلع بولان سے 6 افراد کی لاشیں ملی تھیں، جنہیں گولیاں مارکر ہلاک کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گردوں نے مستونگ، قلات، پسنی اور سنتسر میں لیویز اور پولیس تھانوں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد اموات ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں