یروشلم (ڈیلی اردو) اسرائیل نے یمن میں پاور پلانٹس اور سمندری بندرگاہ پر فضائی حملہ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس نے یمن میں راس عیسیٰ اور الحدیدہ کے علاقوں میں حوثیوں کے فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی حملے میں ایندھن کے ٹینکوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ آج بڑے پیمانے پر کیے گئے فضائی آپریشن میں فضائیہ کے درجنوں طیاروں بشمول لڑاکا طیاروں اور انٹیلی جنس طیاروں نے راس عیسیٰ اور حدیدہ کے علاقوں میں حوثیوں کے فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ’آئی ڈی ایف نے پاور پلانٹس اور ایک سمندری بندرگاہ پر حملہ کیا جو تیل کی درآمد کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔‘
یاد رہے اسرائیل اس سے پہلے بھی الحدیدہ کی بندرگاہ پر حملہ کر چکا ہے۔
حوثی خبر رساں ایجنسی نے الحدیدہ میں حملے کو ’اسرائیلی جارحیت‘ قرار دیتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’یمن کا حمایتی محاذ اور صہیونی دشمن کے خلاف ہمارے حملے نہیں رکیں گے۔‘