سوات: سفارت کاروں کے قافلے پر حملے میں ملوث کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد ہلاک

سوات (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے تلیگرام میں ‏کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی نے میاں شیخ بابا کے مقام پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک سے تھا۔

ڈی آئی جی کے مطابق ہلاک دہشت گرد مالم جبہ میں سفارت کاروں کے قافلے کے سیکیورٹی پر معمور پولیس گاڑی پر حملے میں ملوث تھے۔

پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے سوات میں 22 ستمبر کو غیرملکی سفارتکاروں کے ایک قافلے کو بم دھماکے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے تھے۔

وزارت خارجہ کے مطابق قافلے میں انڈونیشیا، پرتگال، قازقستان، بوسنیا ہرزی گوینیا، زمبابوے، روانڈا، ترکمانستان، ویتنام، ایران، روس اور تاجکستان کے سفیر شامل تھے۔

خیال رہےکہ کالعدم تحریکِ طالبان (ٹی ٹی پی) نے واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں