واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جمعے کو یمن کے حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں 15 اہداف پر حملے کیے ہیں۔
مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج کے لیے ذمہ دار ملٹری کمانڈ نے سوشل میڈیا پر کہا، امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی فورسز نے آج یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کے زیر انتظام علاقوں میں 15 ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔‘
برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے برطانیہ جمعے کو یمن میں حوثیوں پر کیے گئے فضائی حملے میں شریک نہیں ہے۔
اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئیں تھیں کہ یمن میں حوثیوں پر فضائی حملوں میں امریکہ کے ساتھ ساتھ برطانیہ بھی شریک ہے تاہم برطانوی وزارت دفاع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ برطانیہ ان حملوں میں شریک نہیں ہے۔
جمعے کو امریکہ یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت مختلف علاقوں پر فضائی حملے کرتے ہوئے مبینہ طور پر حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں بحری جہازوں پر باغیوں کے حملوں کے جواب میں جنوری سے یمن میں حوثی اہداف کو امریکہ اور برطانیہ نے نشانہ بنایا ہے۔
حوثیوں نے نومبر کے بعد سے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں تجارتی بحری جہازوں کو بار بار نشانہ بنایا، دو بحری جہازوں کو تباہ کیا ہے جبکہ ایک کو قبضے میں لے لیا جس میں عملے کے کم از کم چار ارکان کی ہلاکت ہوئی تھی۔
حوثیوں کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں فلسطینیوں کی حمایت میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ صرف اسرائیل، امریکہ یا برطانیہ سے منسلک جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
منگل کو حدیدہ کی بندرگاہ کے قریب میزائلوں اور ایک سمندری ڈرون سے دو جہازوں کو نقصان پہنچا تھا۔