بلوچستان: قلات میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا، 3 اہلکار ہلاک، 4 زخمی

کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں سنیچر کو ہونے والے ایک بم دھماکے میں کم ازکم تین سیکورٹی اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔

قلات میں انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے فون پر برطانوری خبر رساں ادارے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ قلات شہر کے قریب اسکلکو روڈ پر پیش آیا ہے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ اسکلکو روڈ پر دشت محمود کے مقام پر نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کیا ہوا تھا۔

اہلکار کے مطابق دھماکہ خیز مواد اس وقت پھٹا جب سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی زد میں آنے کی وجہ سے گاڑی میں سوار تین اہلکار ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبّی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اہلکار نے بتایا کہ دھماکہ دیسی ساختہ بم کے زریعے کیا گیا ہے۔ اس واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔

قلات کوئٹہ شہر سے جنوب میں اندازاً ڈیڑھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس ضلع کی آبادی مختلف بلوچ قبائل پر مشتمل ہے۔

رواں سال 25 اور 26 اگست کی درمیانی شب قلات میں لیویز فورس کے ایک تھانے اور دیگر مقامات پر عسکریت پسندوں کے حملے میں لیویز اور پولیس کے اہلکاروں سمیت 11افراد ہلاک ہوئے تھے۔

جبکہ جون میں قلات شہر کے قریب اسکلکو کے علاقے میں پاکستان پیٹرولیم لیمیٹڈ کی ایک ایکسپلوریشن سائٹ کی سیکورٹی پوسٹ پر ہونے والے حملے میں ایف سی کے دو اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

ماضی میں قلات میں ہونے والے زیادہ تر حملوں کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے قبول کی جاتی رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں