اسرائیل کو ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہیے، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (ڈیلی اردو/اے ایف پی) سابق امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں ایران کے حالیہ میزائل حملے کے جواب میں اسرائیل کو ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کرنا چاہیے۔ سابق صدر نے یہ ریمارکس نارتھ کیرولینا میں ایک انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے دیے۔

وہ اس ہفتے امریکی صدر جو بائیڈن سے پوچھے گئے ایک سوال کا حوالہ دے رہے تھے، جس میں امریکی صدر سے اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔

بائیڈن سے بدھ کے روز پوچھا گیا کہ کیا وہ ایرانی جوہری مقامات کے خلاف حملوں کی حمایت کریں گے اور امریکی صدر نے صحافیوں کو بتایا، ”جواب نہیں میں ہے۔‘‘

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ نے ریلی کے شرکاء میں سے ایک کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا، ”مجھے لگتا ہے کہ انہوں (بائیڈن) نے یہ غلطی کی ہے۔‘‘ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا، ”کیا یہ وہی نہیں، جسے آپ کو نشانہ بنانا چاہیے؟ میرا مطلب ہے یہ ہمارے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، جوہری ہتھیار۔‘‘

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بائیڈن کو کہنا چاہیے تھا کہ پہلے جوہری خطرے کو ختم کیا جائے اس کے بعد باقی کی فکر کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں