تہران (ڈیلی اردو/اے ایف پی/وی او اے/بی بی سی) ایران نے اتوار کی شب سے ہفتے کی صبح تک تمام ایئرپورٹس کی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق مقامی وقت کے مطابق اتوار کی شب نو بجے سے پیر کی صبح چھ بجے تک ایران کے تمام ایئرپورٹس کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ آپریشنل مسائل کی وجہ سے پروازیں منسوخ کی جارہی ہیں تاہم انہوں ںے اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔
ایران نے گزشتہ منگل کو اسرائیل پر میزائل حملہ کرنے سے پہلے بھی تمام پروازیں منسوخ کردی تھیں۔
پروازوں کی منسوخی اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ہفتے ایرانی میزائل حملے کا جواب دینے کی دھمکی کے بعد ہوئی ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اسرائیل جوابی حملہ کب اور کیسے کرے گا۔
یاد رہے کہ ایران نے یکم اکتوبر 2024 کو اسرائیل پر تقریبا 200 میزائیل داغے تھے۔
بی بی سی فارسی کے مطابق اس سے قبل ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد ایران بھر میں تقریباً 48 گھنٹوں کے لیے پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔
اسرائیلی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ‘اے ایف پی’ کو بتایا ہے کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز ایران کی جانب سے اسرائیلی شہریوں اور اسرائیل پر غیرقانونی حملے کے ردِ عمل کی تیاری میں مصروف ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ’شرمناک‘ میزائل حملے کا جواب اپنی مرضی کے مقام اور وقت پر دیں گے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہیگری نے ٹی وی پیغام میں اس بات کی تصدیق بھی ہے کہ منگل کو ایرانی حملے میں اسرائیلی کے دو فضائی اڈے نشانہ بنے تھے تاہم حملے کے باوجود دونوں اڈے مکمل طور پر کام کر رہے ہیں۔