ژوب + میر علی (ڈیلی اردو)پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں نے آج صبح سویرے ایف سی چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے جاری کردہ بیان میں مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں خودکش حملہ اور سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی مطلوب دہشت گرد عمر عرف عماری کو بھی ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر حملے سمیت کئی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشید خان ہلاک ہوئے، 39سالہ حوالدار جمشید خان ڈیرہ بگٹی کے رہائشی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی پر آپریشن کیا جا رہا ہے، افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
ادھر صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے ۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کیا گیا۔
آئی ایس پی آ نے کہا کہ ہلاک کئے جانے والے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکاخیز مواد برآمد کیا گیا ۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
جبکہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقہ ممریز پٹھان میں چھٹی پر اہل خانہ سے ملنے گھر آئے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے نذیر نامی ایک اہلکارکو اغوا کر لیا گیا ہے.
دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان طالبان (ٹی ٹی پی) سے منسلک میڈیا اکاونٹس نے ایف سی اہلکار اغوا کی ذمہ داری قبول کی ہے۔