راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں 2 الگ الگ کارروائیوں میں 4 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے صوبے کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، فورسز سے جھڑپ کے دوران 2 خوارجی دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاکستانی فوج کے مطابق دوسری کارروائی خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں کی گئی، کارروائی کے دوران جھڑپ میں 2 خوارجی دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، ہلاک دہشت گردی، شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرتے ہوئے 2 خارجیوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ ایک اور کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔