برطانیہ کا ایرانی فوجی عہدیداران پر پابندیوں کا اعلان

لندن (ڈیلی اردو/بی بی سی) برطانیہ نےایرانی فوج کے اہم عہدیداران اور فوجی تنظیموں کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔

برطانیہ نے یہ اعلان یکم اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے تناظر میں کیا ہے۔

اس فہرست میں ایرانی فوج کے کمانڈر اور ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے رکن عبدالرحیم موسوی اور ایران کی فضائیہ کے کمانڈر حامد وحیدی شامل ہیں۔

برطانیہ کے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان شخصیات کے اثاثے منجمد کیے جائیں گے اور ان پر سفری پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔ جبکہ ایرانی خلائی ایجنسی کے اثاثے بھی منجمد کیے جائیں گے۔

خلائی ایجنسی بیلسٹک میزائل میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیز پر بھی کام کرتی ہے۔

یاد رہے کہ ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل کی سمت 180 سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے۔

تاہم اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ زیادہ تر میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا اور اس حملے کے نتیجے میں مقبوضہ مغربی کنارے میں صرف ایک فلسطینی شخص ہلاک ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں