غزہ میں فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد 42 ہزار سے متجاوز

غزہ (ڈیلی اردو/اے ایف پی) غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق شمالی غزہ میں اقوام متحدہ کے ایک امدادی مرکز میں خوراک کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے افراد پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو فون پر بتایا کہ جبالیہ میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے زیر انتظام امداد کی تقسیم کے مرکز کے باہر لگی لوگوں کی قطار کو اسرائیلی بموں سے نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ان دعووں کی تحقیقات کر رہی ہے۔

اس سے قبل جنگ زدہ غزہ پٹی میں ایک سابق اسکول اور ایک ہسپتال پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے اس عمارت میں موجود حماس کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا۔

حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسندوں کے درمیان جاری جنگ میں اب تک کم از کم 42 ہزار 289 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس وزارت کے مطابق اس جنگ کے شروع ہونے کے بعد سے اب تک غزہ پٹی میں زخمی ہونے والوں کی کم از کم تعداد بھی 98،684 ہو چکی ہے۔

غزہ کی جنگ کے آغاز کے بعد سے تقریباﹰ ایک سال تک سرحد پار بمباری اور راکٹوں کے تبادلے کے بعد اسرائیل نے 23 ستمبر کو حزب اللہ کے جنوبی اور مشرقی لبنان کے مضبوط ٹھکانوں کے ساتھ ساتھ بیروت کے جنوبی مضافات کو نشانہ بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر فضائی کارروائی شروع کی تھی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے جمع کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس کشیدگی میں اب تک حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ اور دیگر اعلی عہداروں سمیت 1300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں