خیبرپختونخوا: بونیر، بنوں اور ٹانک میں دہشت گردوں کے حملوں میں 2 اہلکار ہلاک، 2 زخمی

پشاور (ڈیلی اردو) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر کے علاقے امبیلہ میں دہشت گردوں نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسلم شاہ کے گھر کو بم سے نشانہ بنایا۔

پولیس حکام کے مطابق گھر کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ادھر ضلع بنوں کے علاقے منڈی بکا خیل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے پولیس ہیڈ کانسٹیبل شائستہ خان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل ضلع ٹانک میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور کا سپاہی گلزار علی ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق مذکورہ اہلکار چھٹیوں پر گھر تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں