خیبرپختونخوا: بونیر میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا، افسر سمیت 4 اہلکار زخمی

پشاور (بیورو رپورٹ) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں بدھ کی صبح پولیس موبائل پر حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی ایک گاڑی کو سڑک کنارے نصب بارودی مواد میں نشانہ بنایا گیا۔

حکام نے بتایا ہے کہ دھماکے میں ایک سب انسپکٹر اور ان کے ہمراہ موجود تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق دھماکے میں امبیلا میں قائم پولیس چیک پوسٹ کے انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس پی) شاہد زادہ، کانسٹیبل نور محمد، افتخار علی اور الطاف احمد زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ ’زخمی پولیس اہلکاروں کو نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔‘

پولیس نے بونیر میں اس علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے جہاں دھماکہ ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ فوری طور پر اس دھماکے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔

ٹانک میں پولیس اہلکار زخمی

ادھر ضلع ٹانک میں پولیس چوکی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا ۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں پیش آیا جہاں لطیف چوکی پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ۔

فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار ذاکر اللہ زخمی ہو گیا جسے فوری طورپر طبی امداد کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔

پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں