قاہرہ (ویب ڈیسک) تاریخ میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے وہ تاریخی اورسنہری موقع آگیا ہے کہ جب وہ تین ہزار سے زائد سالوں سے صحرا میں مد فون مصری فرعونوں کی قبرکے اسرار و رموز سے آشنائی حاصل کرسکیں اور انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ براہ راست قبر کشائی کے مناظر دیکھ سکیں۔
عالمی خبررساں ادارے کے مطابق جہاں ایک جانب پوری دنیا میں تاریخ، سائنس اور قدیم تہذیب سے دلچسپی رکھنے والوں کی بے چینی د ید نی ہے تو وہیں توہمات پر یقین رکھنے والوں کا خوف و ہراس بھی ناقابل یقین و بیان ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ فرعون کی اس قبر کے اسرار کی فلم بندی کر کے اسے براہ راست نشر کیا جانے والا ہے جو تین ہزار ایک سو سال قدیم ہے۔
اس فلم کو دستاویزی فلمیں نشر کرنے والا عالمی شہرت یافتہ چینل براہ راست نشر کرے گا۔ اس حوالے سے تیار کیے جانے والے پروگرام کو Espedition unkuown- egypt live کا نام دیا گیا ہے۔چینل اپنے پروگرام میں قبرکشائی کے مناظر براہ راست نشر کرنے کے علاوہ اسے ریکارڈ بھی کرے گا جو دو گھنٹے طویل دورانیے پر مشتمل ہوگا۔نینسی ڈینلز جن کا تعلق چینل سے ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ جاننے کے لیے نہایت پرجوش ہیں کہ تین ہزار ایک سو سال سے مصر کے صحرا میں مد فون فرعون کس حالت میں ہوں گے؟ اور وہاں سے کیا کچھ برآمد ہوگا؟۔
مصری جریدے الیوم کے مطابق معروف مہم جو گوش گیٹس کا کہنا ہے کہ تین ہزار 100 برس قدیم فرعون کے مقبرے کو کھولنے جارہے ہیں جہاں ہمیں کافی مشکل گزر گاہوں سے ہو کر گزرنا ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس مقبرے میں 40 ممیز موجود ہیں جو تین ہزار قبل ازمسیح کی ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ وہاں سے ہمیں کیا ملے گا؟ لیکن یہ بات طے ہے کہ فرعون کے تابوت کا ڈھکن جو پتھر سے بنایا گیا ہے، جب اسے اٹھائیں گے تو اس میں اندر انسانی باقیات ضرور برآمد ہو ں گی۔
مصر کے ذرائع ابلاغ کے مطابق جس وقت یہ سارا منظر عکس بند کیا جا رہا ہوگا اس وقت مصرکے محکمہ آثار قدیمہ کے سیکریٹری جنرل سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود ہوں گے۔دلچسپ امر ہے کہ جہاں تاریخ ، سائنس اور قدیم تہذیب سے دلچسپی رکھنے والے قبر کشائی کے نہایت بے چینی سے منتظر ہیں وہیں بعض کمزور دل افراد سمیت توہمات پر یقین رکھنے والے سخت خوف و ہراس کا شکار بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
اس ضمن میں مصری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بعض افراد جو توہمات پریقین رکھتے ہیں ان کے نزدیک فرعونوں کی ممیوں کے ساتھ ان کی نحوست بھی مدفون ہیں لیکن جب ان کے قدیم تابوت کھولے جائیں گے تو ان کی بند نحوستیں بھی آزاد ہو جائیں گی جو کسی طور دنیا اور انسانوں کے لیے بہتر نہیں ہو گا۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق قطع نظر اس بات کے کہ کیا ہو گا اور کیا نہیں؟ یہ حقیقت ہے کہ لوگ پوری دنیا میں 8 اپریل 2019 کے نہایت شدت سے منتظر ہیں کہ فرعون کی ممیوں کی قبر کشائی ہو اور وہ انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ براہ راست پوشیدہ اسرار سے آگاہی حاصل کرسکیں۔