ڈی آئی خان (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں حکام میں کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ایک شیعہ نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو تحصیل کلاچی میں پیش آیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مقتول اہل تشیع تھا اور امام بارگاہ حضرت عباسؑ تھلہ نمبر 3 کلاچی کے متولی سید سجاد حسین شاہ کے بھتیجے تھے۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی خان میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے اشفاق علی شاہ پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ اپنی زمینوں سے اپنے والد کے ہمراہ گھر واپس آ رہے تھے۔
واضح رہے کہ اشفاق کے چچا سید سجاد حسین شاہ متولی امام بارگاہ حضرت عباس تھلہ نمبر3کو بھی چند سال قبل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
پولیس حکام نے اس واقعہ کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کیلئے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
آخری اطلاع تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی اور نہ ہی کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔