یروشلم (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/رائٹرز، اے پی/اے ایف پی) اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ پر انہیں قتل کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
قبل ازیں گزشتہ روز نیتن یاہو کے دفتر نے بتایا تھا کہ ایک ڈرون وسطی قصبے قیصریہ میں ان کی رہائش گاہ کی طرف داغا گیا، تاہم وہ اور ان کی اہلیہ اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے۔
نیتن یاہو نے اس واقعے پر اپنے ایک بیان میں کہا، ’’ایران کی پراکسی حزب اللہ کی جانب سے آج مجھے اور میری اہلیہ کو قتل کرنے کی کوشش ایک سنگین غلطی تھی۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا، ’’تہران اور اس کے آلہ کار، جن میں لبنانی حزب اللہ بھی شامل ہے، جان لیں کہ جو کوئی بھی اسرائیلی شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔‘‘
حزب اللہ نے ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن ہفتے کی رات اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے کہا کہ ’یہ کارروائی حزب اللہ کی جانب سے کی گئی‘ تھی۔