کراچی (نمائندہ ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل کے شہید ہونے کے بعد سی ٹی ڈی نے مخبری پر کارروائی کی اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے تین دہشت گردوں فرہاد، حاجی رحمٰن اور محمد صغیر کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 پستول اور تنظیمی لٹریچر برآمد کر لیا۔
دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مولانا بشیر گروپ سے ہے اور اس نے ہی انہیں کراچی میں پولیس پر حملے کا ٹاسک دیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزمان سے برآمد اسلحے کو تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیجا جائے گا اور ان سے تفتیش میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال 3 جون کو دہشت گردوں نے سہراب گوٹھ کے علاقے پولیس پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد یٰسین ہلاک اور کانسٹیبل سلمان عباس زخمی ہو گیا تھا۔