تل ابیب (ڈیلی اردو/بی بی سی) اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے پیر کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک فضائی کارروائی میں حزب اللہ کے مالیاتی امور کے سربراہ کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ڈی ایف نے دمشق میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم شام اور ہر جگہ حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔‘
ادھر شام کی وزارت دفاع کے مطابق اسرائیلی حملے میں دو شہری ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ ایک بیان میں اس کا کہنا تھا کہ ’دشمن اسرائیل نے رہائشی علاقے المزہ میں فضائی حملہ کر کے ایک شہری کی کار کو نشانہ بنایا۔‘
شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اس علاقے میں متعدد سفارتخانے اور سکیورٹی ایجنسی کا ہیڈکوارٹر واقع ہے۔ اس حملے میں گاڑی پوری طرح تباہ ہوگئی جبکہ قریبی ہوٹل کو بھی نقصان پہنچا۔
گذشتہ شب اسرائیل نے بیروت اور دیگر مقامات پر حزب اللہ سے جڑے ایک بینک کی شاخوں پر بمباری کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اب اس گروپ کی مالیاتی بنیادوں کو تباہ کر رہا ہے۔
حزب اللہ لبنان میں معمولات زندگی کے بہت سے شعبوں جیسے مالیات کا حصہ ہے تاہم اسرائیل لبنان کے سماج سے اس کا یہ کردار ختم کرنا چاہتا ہے۔