خار + راولپنڈی (نمائندگان ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو خود کش بمباروں سمیت 9 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں آپریشن کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فورسز نے گزشتہ شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر باجوڑ میں انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے نو دہشت گردوں میں دو خودکش بمبار اور انتہائی مطلوب کمانڈر سید محمد عرف قریشی استاد شامل ہے۔
بیان میں دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں پائے جانے والے مزید کسی خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز ملک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔