ڈونلڈ ٹرمپ کا تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا خوفناک منصوبہ

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطن پر کریک ڈاؤن کا نیا خوفناک منصوبہ بنایا ہے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق یہ نیا منصوبہ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت کے کریک ڈاؤن کے مقابلے میں کہیں شدید ہوگا۔

نیو یارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ ٹرمپ دوبارہ صدر بنے تو وہ امریکی تاریخ کا سب سے بڑا ملک بدری آپریشن شروع کریں گے۔ ٹرمپ اس آپریشن کے لیے فوج کو بھی استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کئی مسلمان ملکوں کے شہریوں کے ویزوں پر پابندی لگائے گی، جیسی گزشتہ دور میں لگائی گئی تھی۔ اس کے علاوہ ان طلبہ کے ویزے منسوخ کیے جائیں گے جنھوں نے فلسطینیوں کی حمایت یا اسرائیل کی مخالفت میں ہوئے مظاہروں میں شرکت کی۔

نیو یارک ٹائمز کے رپورٹ کے مطابق جن ملکوں کو غیر محفوظ قرار دے کر ان کے شہریوں کو قیام کا حق دیا گیا تھا، وہ فیصلہ تبدیل کردیا جائے گا۔ اس سے ان دسیوں ہزار افغانوں کو پریشانی ہوگی جو طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان سے نکلے۔

رپورٹ میں مزید لکھا ہے کہ لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کو تحویل میں لے کر ملک بدر کرنے سے پہلے حراستی مراکز میں رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں