باجوڑ میں چوکی پر حملہ، بنوں میں پولیس موبائل پر فائرنگ، 2 حملہ آور ہلاک

بنوں + خار (نمائندگان ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونحوا کے ضلع بنوں میں دوران گشت پولیس موبائل پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو حملہ آور ہلاک ہوگئے، جبکہ باجوڑ میں بھی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ کینٹ کے ایس ایچ او ملک ظہیر خان کی گاڑی پر چند مری کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔ ترجمان پولیس کے مطابق جوانوں کی جوابی کارروائی میں دو حملہ آور مارے گئے۔

ہلاک دہشت گردوں کی شناخت گل دار علی عرف عاصم سکنہ ڈومیل اور اویس عرف حارث سکنہ وانڈہ پائیندہ خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و بارود برآمد ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان پولیس اور سی ٹی ڈی کو ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور پولیس پر حملوں سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

علاقے میں پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی جس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

دوسری طرف قبائلی ضلع باجوڑ کے تحصیل ناوگئی کے علاقہ دربنو میں ایف سی اور پولیس کے مشترکہ چیک پوسٹ پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہيں ہوا۔ پولیس اور ایف سی کی جوابی کارروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں