وانا + کلایہ + باڑہ (نمائندگان ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں پولیس گاڑی پر بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقہ غواخوا کے علاقے پرش کرکٹ گرائونڈ پیش آیا جہاں ایس ایچ او کی نجی گاڑی کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔
بم حملے کے نتیجے میں ایس ایچ او مزمل وزیر سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے جبکہ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
زخمی ایس ایچ او اور دیگر کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
اورکزئی میں پولیس انسپکٹر ہلاک
دوسری جانب قبائلی ضلع اورکزئی میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے ایک پولیس افسر کو ہلاک کر دیا ہے۔
ڈیلی اردو کو حکام نے بتایا کہ اورکزئی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس کے سب انسپکٹر سید عنایت علی ہلاک ہوگئے۔
حکام کے مطابق پولیس افسر کو انکے گھر کے قریب ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
وادی تیراہ میں فوجی قافلے پر حملہ
ادھر قبائلی ضلع خیبر کی دور افتادہ علاقے وادی تیراہ میں دہشت گردوں نے قوجی قافلے پر حملہ کیا گیا ہے، مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں متعدد اہلکار ہلاک و زخمی ہوگئے ہیں۔