لکی مروت + راولپنڈی (نمائندہ ڈیلی اردو/ک م) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نماز کی ادائیگی کے دوران مسجد پر دہشت گردوں کے حملے میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیر تربیت کیڈٹ لیفٹیننٹ عارف اللہ ہلاک اور دو نمازی زخمی ہوگئے۔
ڈیلی اردو کے مطابق دہشت گردوں نے نماز مغرب کی ادائیگی کے دوران لیفٹیننٹ عارف اللہ کو گولیاں مار دی، اور وہ موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ عینی شاہدین نے ڈیلی اردو کو مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو نمازی زخمی ہوگئے۔ جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔
ادھر پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے 19 سالہ عارف اللہ نے جام شہادت نوش لیکن کئی نمازیوں کی جانیں بچائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مسجد میں نماز کی حالت میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا ایسا گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ان خوارجی دہشت گردوں کے حقیقی نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر بیان میں بتایا گیا کہ عارف اللہ شہید کا تعلق لکی مروت تھا، شہید پاکستان ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت تھے، شہادت کے وقت جی سی عارف اللہ چھٹیاں گزارنے کے لیے اپنے گھر آئے ہوئےتھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ جی سی عارف اللہ شہید نے سوگواران میں والدین، چار بھائی اور چار بہنیں چھوڑے ہیں۔