مظفر آباد (نیوز ڈیسک) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے قریب ایک جیپ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مقامی پولیس کے مطابق جیپ دریائے نیلم کے کنارے کے علاقے میں 2 ہزار فٹ گہرائی میں گری، جاں بحق ہونے والوں میں 3 مرد، خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔
اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) پنجگراں سید وجاہت کاظمی نے بتایا کہ جیپ وادی نیلم سے مظفر آباد جارہی تھی کہ راترا کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ وادی نیلم سے آنے والے روڈ کے جس مقام پر حادثہ پیش آیاوہ سیدھا اور چوڑا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ سڑک پر گاڑی پھسلنے کے نشان بھی نہیں تھے۔
اسٹیشن ہاؤس آفیسر کا کہنا تھا کہ ’ شاید ڈرائیور اونگھ رہا تھا یا اسٹیئرنگ وہیل لاک ہوگیا تھا لیکن حادثے کی اصل وجوہات جیپ کے معائنے کے بعد ہی سامنے آئے گی‘۔
انہوں نے بتایا کہ 2 ہزار فٹ کی گہرائی میں گرنے کے بعد جیپ مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ ’ جب ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے جیپ میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
اتفاقا آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر ایک خاندان سے تعزیت کیلیے پنجگراں میں موجود تھے، حادثے کے 30 منٹ بعد انہوں نے راترا کے مقام پر رک کر صورتحال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور حکام کو حادثے کی وجوہات پتہ لگانے کی ہدایت جاری کی تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جاسکے۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت مکمل کرلی گئی ہے جن میں 80 سالہ زوجان بیگم،50 سالہ راجا وقار علی خان،45 سالہ راجا صداقت علی خان،راجا طلحہ،45 سالہ شبنم نسا، 20 سالہ ثنا نصیر اور 28 سالہ کرامت حسین شامل ہیں.
جاں بحق افراد وادی نیلم کے گاؤں سے مظفرآباد کے علاقے میں اپنی عارضی رہائش کی جانب واپس لوٹ رہے تھے۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں خطرناک راستوں کے باعث ٹریفک حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔