اسرائیل میں حزب اللہ کے راکٹ حملوں میں چار غیر ملکوں سمیت 7 افراد ہلاک

تل ابیب (ڈیلی اردو) شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے دو مختلف راکٹ حملوں میں سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق یہ حملہ جمعرات کو ہوا اور اسے کئی مہینوں سے جاری جنگ کے ’سب سے جان لیوا حملوں میں سے ایک‘ قرار دیا گیا ہے۔

اسرائیل کے وزیر خارجہ کاٹز نے کہا ہے کہ لبنان کی سرحد پر واقع ایک قصبے میٹولا کے قریب راکٹ گرنے سے ایک اسرائیلی کسان اور چار غیر ملکی زرعی کارکن ہلاک ہوئے۔

بعد ازاں ساحلی شہر حیفہ کے مضافات میں کبتز افیک کے قریب زیتون کے ایک باغ میں ایک اسرائیلی خاتون اور اس کا بیٹا راکٹ حملے میں ہلاک ہوئے۔

حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اُنھوں نے ’حیفہ کے شمال میں کریوت کے علاقے اور لبنانی قصبے خیام کے جنوب میں اسرائیلی افواج کو نشانہ بنایا اور متعدد راکٹ داغے۔‘

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’دوپہر کے وقت مغربی گلیل کے علاقے (جہاں کبوتز واقع ہے) کے علاوہ وسطی گلیل اور بالائی گلیل کی طرف کل 55 میزائل داغے گئے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’کچھ میزائلوں کو روک لیا گیا تاہم کئی اسرائیلی علاقوں میں گرے۔‘

لبنانی حکام کے مطابق اس جنگ میں اب تک لبنان میں 2800 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 2200 گذشتہ پانچ ہفتوں میں ہلاک ہوئے ہیں اور 12 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی اسرائیل اور مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں میں حزب اللہ کے راکٹ، ڈرون اور میزائل حملوں میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

تھائی لینڈ کی اسرائیل میں چار شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق

تھائی لینڈ کے وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ شمالی اسرائیل میں ایک راکٹ حملے میں تھائی لینڈ کے چار شہری مارے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی تھی کہ جمعرات کو حزب اللہ کی جانب سے کیے گئے راکٹ حملے میں میتولا کے علاقے میں سات شہری مارے گئے تھے۔

جمعے کو ایک بیان میں تھائی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ امن کے راستے پر واپس آئیں تاکہ معصوم جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

خیال رہے کہ سات اکتوبر کو حما س کے اسرائیل پر حملے میں ہونے والی 1200 ہلاکتوں میں 46 تھائی شہری بھی شامل تھے جب کہ 30 تھائی شہریوں کو حماس کی جانب سے یرغمال بنا لیا گیا تھا جن میں سے چھ کے بارے میں گمان ہے کہ وہ اب بھی حماس کی تحویل میں ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل میں لگ بھگ 30 ہزار تھائی شہری موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر زرعی شعبے سے منسلک ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں