جنوبی وزیرستان، لکی مروت میں سیکورٹی فورسز کے قافلوں پر حملے،کیپٹن سمیت 16 اہلکار زخمی

واشنگٹن (ش ح ط) صوبہ ‏خیبر پختونخوا کے اضلاع جنوبی وزیرستان اور لکی مروت کے دو قافلوں پر حملوں میں پاکستان آرمی کے ایک کیپٹن سمیت 16 اہلکار زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ ہفتہ کو لکی مروت کے علاقے قبول خیل میں درہ تنگ چیک پوسٹ کے قریب سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں پر حملے کے نتیجے میں چھ اہلکار زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کانوائے شنواہ گڈی خیل کرک سے اٹامک انرجی پراجیکٹ قبول خیل لکی مروت جارہی تھی کہ وانڈہ مظفری ضلع لکی مروت اور وانڈہ گلاپہ ضلع لکی مروت کے درمیان برساتی نالے میں دہشت گردوں نے حملہ کیا۔

تاہم، بعد میں مسلح دہشت گردوں سے جھڑپ کے دوران قافلے میں شامل ایک صوبیدار، سمیت کل پانچ اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ قبائلی ضلع جنوبی وزہرستان کے علاقے سرواکئی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلہ پر اسی طرح کا حملہ ہوا۔ جس میں ایک کیپٹن سمیت 11 اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں حملوں کو بھرپو انداز میں ناکام بنادیا گیا جبکہ فائرنگ کے دوران دہشت گردوں کا بھاری نقصان ہوا۔

دوسری جانب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرواکئی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں