نیو یارک (ڈیلی اردو) اقوامِ متحدہ کی مہاجرین کی ایجنسی نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ اس کی فوج لبنان اور شام کے درمیان سرحدی گزرگاہ پر حملے کر رہی ہے۔
مہاجرین کی ایجنسی کے چیف فلیپو گرینڈی کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدری کی بنیاد پر قائم کئی املاک کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ بھی یہاں حملے کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ لبنان میں ستمبر سے اسرائیل کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے جس کو وہ حزب اللہ کے خلاف اقدامات قرار دے رہا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں اضافے کے بعد سے لبنان سے بڑی تعداد میں شہری شام نقل مکانی کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کی مہاجرین کی ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملوں سے نقل مکانی کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسرائیل یہ الزام لگاتا رہا ہے کہ لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ شام سے اسلحہ اسی راستے سے اسمگل کرتی ہے۔ تاہم اس نے اس الزام کے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے۔