واشنگٹن (ش ح ط) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان اور خیبر میں قافلوں پر حملوں میں 5 اہلکار ہلاک اور کیپٹن سمیت 13 زخمی ہوگئے۔
ڈیلی اردو کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل سروکئی میں فوجی قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک جب کہ 5 زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع نے ڈیلی اردو کو بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں نائب صوبیدار طیب شاہ، لانس نائیک گلاب خٹک، نائیک مزمل خٹک، ایم ٹی لانس نائیک حبیب اورکزئی جبکہ زخمیوں میں سپاہی جمشید، نائیک ارشد، لانس نائیک زاہد، سپاہی وحید اور سپاہی دانش شامل ہے۔
ذرائع کےمطابق لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ حملے میں زخمی فوجی اہلکاروں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم فی الحال کسی کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ہے۔
وادی تیراہ حملہ
دہشت گردی کا دوسرا واقعہ قبائلی ضلع خیبر کی دور افتادہ علاقے وادی تیراہ میں پیش آیا جہاں دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر جدید خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
اس حملے میں سیکورٹی ذرائع نے ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ جبکہ کیپٹن سمیت 8 اہلکار زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو پشاور کے فوجی ہسپتال منتقل کر دیا ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔