تل ابیب (ڈیلی اردو/رائٹرز/وی او اے) اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی غزہ میں اس کے مزید چار اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ فوج نے منگل کو ایک بیان میں اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ فوج کے چاروں اہلکار پیر کو ہونے والی ایک جھڑپ میں نشانہ بنے تھے۔
غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 376 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
غزہ میں اسرائیل کے حملے میں 14 افراد ہلاک
غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملے میں مزید 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
غزہ کے محکمۂ سول دفاع کے ترجمان نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ غزہ میں منگل کو اسرائیلی بمباری سے 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ منگل کی صبح ہونے والے حملے میں کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
اسرائیلی فوج نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ البتہ اسرائیلی فوج مسلسل دعویٰ کر رہی ہے کہ وہ حماس اور دیگر عسکریت پسندوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔