خیبر پختونخوا: ہنگو میں پولیس کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کے تین دہشت گرد گرفتار

ہنگو (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق ‏ہنگو میں پولیس نے ایک آپریشن کے دوران سروزی پیالہ جنگلات کچہ روڈ سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان حافظ سعید گروپ کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

گرفتار دہشت گردوں میں صابرین عرف بارون، عابد عرف سیف اللہ، حضرت بلال شامل ہیں۔

ڈی پی او ہنگو محمد خالد خان نے پریس کانفرنس میں بتایا گرفتار دہشت گرد مختلف مقدمات میں پولیس اور سیکورٹی اداروں کو مطلوب تھے، دو دہشت گردوں کی گرفتاری پر 20،20 لاکھ روپے انعام بھی مقرر تھا۔

ڈی پی او خالد خان کا کہنا تھا کہ تمام دہشت گرد اورکزئی، ہنگو، کوہاٹ اور کرم کے مختلف علاقوں میں دہشت کے واقعات میں ملوث ہیں۔ صابرین عرف ہارون اور عابد عرف سیف اللہ دونوں تحریک طالبان کے کمانڈرز ہیں، یہ تینوں دہشت گرد افغانستان میں موجود تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈرز سے بذریعہ ٹیلی گرام رابطے میں تھے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد ہائی پروفائل ٹارگٹ کے لیے منصوبہ بندی کرچکے تھے، ملزموں نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کررکھی تھی۔

ڈی پی او ہنگو کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد شہریوں کی گھروں کو ویڈیو بنا کے اور ان سے بھتہ طلب کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد ہنگو میں اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کے لیے آئے تھے۔

گرفتار دہشتگردوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں