بنوں (ڈیلی اردو) پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں مسلح افراد نے سب ڈویژن وزیر تھانہ اتمانزئی کی حدود روچہ چیک پوسٹ سے سات پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق دو درجن سے زائد مسلح افراد نے سب ڈویژن وزیر کے پہاڑی علاقے روچہ چیک پوسٹ کا گھیراؤ کیا اور ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر ساتھ لے گئے۔ اس کے علاوہ تمام چھوٹا بڑا اسلحہ اور سامان بھی ساتھ اٹھا کر لے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق چار پولیس اہلکار موقع پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے بچ گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، مغویوں کی تلاش جاری ہے۔
خیبر میں چیک پوسٹ پر دستی بم حملہ
دوسری طرف قبائلی ضلع خیبر کے علاقے باڑہ پوسٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہو گیا۔
ڈیلی اردو کے مطابق پولیس نے بتایا کہ باڑہ برقمبرخیل قومی مرکز تکہ پوسٹ پر دہشت گردوں نے دستی بم پھینکا، سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے حملہ پسپا ہوگیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ شرپسند فرار ہونے میں ہو گئے، تاہم ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا ہے، مزید بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔