تل ابیب + بیروت (ڈیلی اردو/بی بی سی) اسرائیلی ایمبولینس سروس نے پیر کے روز تل ابیب کے نواحی علاقے میں ایک مرکزی سڑک پر لبنان کی جانب سے میزائل داغے جانے کی تصدیق کی ہے۔
ایمبولینس سروس کے مطابق لبنان کی طرف سے داغے گئے ایک راکٹ حملے کو ناکام بنایا گیا اور اس کے ٹکڑے تل ابیب کے نواحی علاقے کی مرکزی سڑک پر گِرے جس سے کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق لبنان سے شمالی اسرائیل کی طرف 30 شیلز داغے گئے تھے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اس دوران شمالی اسرائیل کے ایک قصبے میں ایک عمارت پر میزائل گرنے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وسطی بیروت کے علاقے زقاق البلاط میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 24 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹوں کے اندر ہی دو حملے ہوئے ہیں۔
زقاق البلاط سے قبل اتوار کے روز کمرشل ایریا مار الیاس میں بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے تھے۔
لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز اسرائیلی فوج نے زقاق البلاط کے مضافات میں دریائے لیطانی کے راستے پر بین الاقوامی طور پر ممنوع قرار دیے گئے کلسٹر بموں سے بمباری کی۔
لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ موجودہ جنگ کے نتیجے میں اکتوبر 2023 سے آج تک مجموعی طور پر کم از کم 3,516 افراد ہلاک اور 14,929 زخمی ہو چکے ہیں۔