بنوں میں مسلح افراد کی چلتی گاڑی پر فائرنگ، قبائلی رہنما سمیت 4 افراد ہلاک، 4 زخمی

بنوں + باڑہ (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم دہشت گردوں نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے قبائلی رہنما سمیت 4 افراد کو ہلاک کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بنوں پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ضلع بنوں کے سین تنگہ ویکی جانی خیل میں پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے قبائلی ملک شودی خان سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے جب کہ فائرنگ سے خاتون اور بچوں سمیت دیگر 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔

حکام کے مطابق وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر قریب ہسپتال منتقل کردیا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے، 4 افراد کے گھناؤنے قتل کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جائے گی اور ملزمان کو گرفتار کرکے سخت قانونی کارروئی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں میں ہی مسلح دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر قبضہ کرکے 7 پولیس اہلکاروں کو اسلحے سمیت اغوا کر لیا تھا۔

بنوں کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ضیاالدین احمد نے میڈیا کو بتایا کہ تمام 7 پولیس اہکار بحفاظت واپسی آگئے ہیں۔

ڈی پی او ضیاالدین احمد کا مزید کہنا تھا کہ مقامی عمائدین کے ذریعے دباؤ کی وجہ سے اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی میں مدد ملی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اہلکاروں کی بازیابی کے لیے مقامی سطح پر جرگہ تشکیل دیا گیا تھا۔

وادی تیراہ میں لشکر اسلام کا کمانڈر ہلاک

ادھر قبائلی ضلع خیبر کی دور افتادہ وادی میں لشکر اسلام کے بانی و اامیر منگل باغ کا بیٹا مارا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لشکر اسلام کا کمانڈر راحید سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں