واشنگٹن (ش ح ط) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں گاڑی سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بروز منگل کو چھ بجے کے قریب ایک مبینہ خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی۔ جس کے نتیجے میں 12 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں مالی خیل چیک پوسٹ بھی مکمل طور تباہ ہوگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب کالعدم حافظ گل بہادر گروپ کے جبہتہ انصاری المہدی نامی گروہ نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
سرکاری حکام نے حملے میں 11 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیتے ہوئے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا۔