راولپنڈی (ڈیلی اردو) صوبہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاکستانی فوجی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ قبائلی ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد حق یار آفریدی عرف خیبرے اور گلا جان مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دوسرے واقعے میں، سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں پاک-افغان سرحد پر دراندازی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔