کراچی ایئر پورٹ خودکش حملہ: کالعدم بی ایل اے کے 3 ملزمان سی ٹی ڈی کے حوالے

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی ایئر پورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے کے ملزمان کو مزید 10 دن کے جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں کراچی ایئر پورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

آج جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے گرفتار ملزم جاوید اور گل نساء کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے خودکش حملہ آور کو سہولت فراہم کی تھی۔

واضح رہے کہ کراچی ایئر پورٹ سگنل کے قریب گذشتہ ماہ چھ اکتوبر کی شب 11 بجے بیرون ملک سے آنے والے چینی قافلے پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں دو چینی باشندے اور ایک پاکستانی شہری ہلاک اور 21 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس دھماکے کی وجہ سے قافلے میں شامل گاڑیوں سمیت کئی دیگر گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا تھا اور ان میں آگ لگ گئی تھی۔

حملے کی ذمہ داری کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں