واشنگٹن (ڈیلی اردو رپورٹ) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے تازہ واقعات میں 8 افراد ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ٹانک میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دو گروپوں کے درمیان تصادم میں 5 شدت پسند ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ سراغر کی حدود خیسرائی میں پیش آیا جہاں مولوی عبدالبصیر گروپ اور عصمت اللہ شاہین گروپ کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں عصمت اللہ شاہین گروپ کے 5 شدت پسند ہلاک جبکہ کئی زخمی ہو گئے ہیں۔
دریں اثنا قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے عزیز خیل میں جاسوسی کے الزام پر حافظ گل بہادر گروپ نے دو طالبان ارکان کو ذبح کردیا۔
نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق جنوبی وزیرستان میں عزت اللہ نامی شخص کی گولیوں سے چھلنی ملی ہے۔
ادھر قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے تنگی میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈیلی اردو کے مطابق زخمیوں میں پولیس اہلکار جان سید اور ایف سی اہلکار اسحاق شامل ہیں جنہیں ہیڈ کوارٹر خار ہسپتال منتقل کردیا گیا۔