یوکرین میں روسی فضائی حملے، 19 افراد زخمی، 40 مکانات کو نقصان

کییف (ڈیلی اردو) یو کرین کے حکام نے پیر کو بتایا کہ شمال مشرقی شہر خارکیف پر ہونے والے روسی حملے میں کم از کم 19 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

خارکیف کے گورنر اولیہ سینیوبوف نے مختصر پیغام رسانی کے ایک پلیٹ فارم ٹیلی گرام کو بتایا کہ روسی فورسز نے ایک احاطے کو ہدف بنایا جس سے 40 سے زیادہ مکانوں کو نقصان پہنچا۔

ایک اور خبر کے مطابق یوکرین کے علاقے اوڈیسا کے گورنر اولیہ کیپر نے بتایا ہے کہ اوڈیسا شہر پر ہونے والے راکٹ حملے میں جانی نقصان بھی ہوا ہے۔

روس نے ایک اور حملہ یوکرین کے علاقے زپوریژیا میں کیا۔ وہاں کے گورنر آئیون فیڈروف کے مطابق اس حملے میں کئی مکانوں کو نقصان پہنچا اور ایک بچہ زخمی ہوا۔

یوکرین کے علاقے میکولائف کے گورنرویٹالی کم نے پیر کے روز ٹیلی گرام کو بتایا کہ روسی ڈرونز نے توانائی کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا جس سے بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا۔

یوکرین کی ایئر فورس نے کہا ہے کہ روس نے رات بھر جاری رہنے والے تازہ ترین حملوں میں 140 ڈرونز استعمال کیے جن میں سے 71 کو مار گرایا گیا۔

یوکرین کے صدرولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرینیوں کی زندگی پر ہونے والے ان حملوں کو، دباؤ کے ساتھ، پابندیوں کے ساتھ، قابضین کی دہشت گردی کے وسائل تیار کرنے والے اجزا تک رسائی کو روکنے اور یوکرین کو ہتھیاروں کے پیکج دے کر روکا جا سکتا ہے۔

روس کی وزارت دفاع نے پیر کو کہا کہ اس نے رات بھر کے حملوں میں یوکرین کے 23 ڈرون مار گرائے۔

وزارت دفاع کے مطابق روسی ایئر ڈیفنس نے کالوگا کے علاقے میں 8 ڈرونز مار گرائے، جب کہ کرسک کے علاقے میں 7 اور بلگراڈ میں تین ڈرون گرائے گے۔

کالوگا میں حکام نے بتایا ہے کہ ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایک صنعتی تنصیب کو نقصان پہنچا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں