368

صحافی ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کی سپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔

آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین نے از خود نوٹس کی سماعت کے لیے سات رکنی آئینی بینچ تشکیل دے دیا ہے جو نو دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں آئینی بینچ جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان، جسٹس شاہد بلال پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ 29 جولائی 2024 کو سپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کو سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) ایکٹ 2023 کے تحت تشکیل دی گئی تین رکنی کمیٹی کو واپس بھیج دیا تھا تاکہ پانچ رکنی بینچ اس کیس کو دوبارہ دیکھ سکے۔

یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے کینیا میں صحافی ارشد شریف کے قتل پر ازخود نوٹس کی کارروائی شروع کی تھی۔ رواں سال کیس میں اس وقت اہم پیشرفت ہوئی تھی جب کینیا کی ایک عدالت نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کا قتل غلط شناخت کا نتیجہ قرار دینے کا پولیس کا دعویٰ مسترد کر دیا تھا۔

کینیا کی ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ 2022 میں کینیا کے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ہاتھوں پاکستانی ارشد شریف کا قتل غیر قانونی تھا، عدالت نے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی ایجنسیوں کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے کہ ارشد شریف اگست 2022 میں اپنے خلاف کئی مقدمات درج ہونے کے بعد پاکستان چھوڑ گئے تھے، ابتدائی طور پر وہ متحدہ عرب امارات میں رہے، جس کے بعد وہ کینیا چلے گئے جہاں انھیں اکتوبر 2022 میں قتل کر دیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں