اسلام آباد (ڈیلی اردو) اسلام آباد میں بنگلہ دیشی اعلیٰ سفارت کار کو دھمکی آمیزخط موصول ہوا جس کے بعد وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرکے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں بنگلہ دیشی اعلیٰ سفارت کار کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے معاملے کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق سفارت کار نے بتایا کہ بعض نامعلوم افراد پیچھا کر کے نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ پیچھا کرنے والے افراد نے سفارت کار کی تصاویر بھی کھینچیں۔
واضح رہے یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ گزشتہ روز ہی ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے غیر ملکی سفرا کو مکمل سیکیورٹی کا یقین دلایا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مطالبہ کیا تھا کہ بھارت اپنے ملک میں بنگلہ دیشی سفیر اور سفارتی مشن کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے، میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ فارن مشنز کو مکمل سیکیورٹی دی جائے۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ باہمی تعلقات کو ہمیشہ فروغ دیا ہے، پاکستانی ہائی کمیشن کی بنگلہ دیش لیڈر خالدہ ضیا سے ملاقات ممالک کے باہمی تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں ہوئی۔