ڈربن (ویب ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان جاری دوسرے ون ڈے میچ کے دوران سرفراز احمد کو جنوبی افریقی بلے باز پر نسل پرستانہ جملے کسنا مہنگا پڑ گیا ہے اور تین سے پانچ میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں سے میچ نکلنے کے بعد کپتان سرفراز احمد دلبرداشتہ ہوئے جنوبی افریقا کے بلے باز پھلوکوایو پر نسل پرستانہ جملے کس دئیے جس پر انہیں آئی سی سی کی جانب سے تین سے پانچ میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
سرفراز احمد نے جملے بول دئیے جو کہ جنوبی افریقی بلے باز کو سمجھ نہیں آئے لیکن وکٹ پر لگے اسٹمپ مائیکروفون میں الفاظ محفوظ ہوگئے اور سرفراز پر سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے سخت تنقید کی گئی اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفراز احمد پھلوکوایو کو کہہ رہے ہیں کہ ’ابے کالے تیری اماں کہاں بیٹھی ہوئی ہیں کیا پڑھوا کر آیا ہے آج تو۔
‘دوسری جانب سپورٹس ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کپتان سرفراز احمد کے خلاف کارروائی آئی سی سی کرے گی، میچ ریفری رنجن مدھگالے نے اپنی رپورٹ آئی سی سی کو بھیج دی ہے سرفراز احمد کو تین سے پانچ میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
کرکٹ تجزیہ کاروں اور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو اس طرح کے جملے نہیں بولنے چاہئے تھے انہیں اپنے اس اقدام پر معافی مانگنی چاہئے۔
واضح رہے کہ دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی اور پھلوکوایو کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔